ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور: سڑک کنارے دکانیں ہٹانے کی مہم۔ دکانداروں اور افسران کے درمیان تکرار۔ احتجاجی مظاہرہ

یلاپور: سڑک کنارے دکانیں ہٹانے کی مہم۔ دکانداروں اور افسران کے درمیان تکرار۔ احتجاجی مظاہرہ

Wed, 27 Feb 2019 12:11:44    S.O. News Service

یلاپور 27؍فروری (ایس او نیوز)سڑک کنارے اور فٹ پاتھ پرلگے ہوئے باکڑے اور چھوٹی دکانوں کی وجہ سے پیدل گزرنے والوں کے لئے بڑی مشکلات پیدا ہورہی تھیں۔اس وجہ سے ایک مہینے قبل فٹ پاتھ کی دکانیں ہٹادی گئی تھیں۔ لیکن منگل کے دن اچانک کچھ لوگوں نے دوبارہ سڑک کنارے دکانیں کھڑی کردیں اوراپنا کاروبار چلانا شروع کیا۔اس بات کی خبرملتے ہی پٹن پنچایت اور تعلقہ انتظامیہ کے افسران نے موقع پر پہنچ کر ان باکڑوں کو ہٹانے کی کوشش کی تو دکانداروں نے افسران کے ساتھ تکرار شروع کردی۔

خیال رہے کہ یلاپور کے جے ایم ایف سی کورٹ نے شہر کے امبیڈکر سرکل کے قریب فٹ پاتھ پر چلنے والے عوام کے لئے مشکلات پیدا نہ ہوں اس بات کو دھیان میں رکھ کروہاں پر ٹھیلہ گاڑیوں میں کاروبار چلانے کی اجازت دی تھی۔ اس کے فوری بعد منگل کے دن باکڑے والوں نے وہاں اپنا کاروبار شروع کردیا۔یلاپور تحصیلدار ڈی جی ہیگڈے، پٹن پنچایت چیف آفیسر ارون نائک اور پی ایس آئی چندراشیکھر ہری ہر وغیرہ نے باکڑے والوں کے ساتھ بات چیت کی اور وہاں سے چھوٹی دکانوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔لیکن افسران کی بات نہ مانتے ہوئے دکاندار احتجاج پر اتر آئے۔ جب افسران نے آگے بڑھ کر تمام دکانیں ہٹانے کی کوشش کی تو دکانداروں نے عملی طور پر انہیں روکا۔اس کے بعد پولیس کی حفاظت میں تمام دکانیں ہٹادی گئیں۔جس کے مطابق ان دکانداروں نے نعرے بازی کرتے ہوئے تحصیلدار دفتر تک احتجاجی جلو س نکالا۔

تحصیلدار ڈی جی ہیگڈے نے بتایا کہ انہوں نے دکانداروں کی لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی۔جس میں انہوں نے واضح کیا کہ امبیڈکر سرکل اور اس کے اطرف باکڑے لگانے کی کوئی اجازت دی نہیں جاسکتی۔لیکن دوسرے تین چار مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ چاہے تو وہاں پر وہ لوگ کاروبار کریں۔ مگر دکانداروں نے ان مقامات پرجانے سے انکار کرتے ہوئے متنازع مقام پرہی اپنی دکانیں چلانے کی ضد پکڑ لی۔ 

معلوم ہوا ہے کہ اس کے بعد دکانداروں نے تحصیلدار کے سامنے تجویز رکھی کہ ہمارے لئے اس مقام پر دکانیں چلانے کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے ، تب تک وہ لوگ ٹھیلہ گاڑیوں پر صبح سے شام تک اسی مقام پر اپنا کاروبار چلائیں گے اور رات کے وقت اپنی گاڑیں وہاں سے ہٹا کر اپنے گھر لے جائیں گے۔ اس پر تحصیلدار نے کہا کہ اس سلسلے میں پٹن پنچایت اور پولیس افسران کے ساتھ بات چیت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔تحصیلدار کی اس بات کو مانتے ہوئے دکانداروں نے احتجاج ختم کیا۔ 


Share: